ہومبریکنگ نیوزسی پیک ٹو منصوبہ: چین سے اعلی سطح کا وفد جلد پاکستان آئے گا

سی پیک ٹو منصوبہ: چین سے اعلی سطح کا وفد جلد پاکستان آئے گا

اسلام آباد (سب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نیکابینہ کوحالیہ دورہ چین کے باریمیں اعتمادمیں لیا، وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر مثبت گفتگو ہوئی چینی حکام کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین کا دورہ کامیاب رہا، سی پیک ٹو پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا۔ سی پیک ٹو منصوبے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، بہت جلد چین سے اعلی سطح کا وفد پاکستان آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب دورے پر تمام کابینہ اراکین کا شکر گزار ہوں۔ دورہ چین میں سکیورٹی سے متعلق معاملات ایجنڈے میں سرفہرست تھے، چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق چینی حکومت کو یقین دہائی کرائی گئی ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ چین کی زرعی شعبے میں جدت اور ترقی سے بھرپور استفاد ہ کے لیے حکومت پاکستان ایک ہزار نوجوانوں کو اس شعبے میں پیشہ وارانہ تربیت کے لیے چین بھیجے گی، جبکہ معروف چینی کمپنی ہواوے ہر سال 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں فنی اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے کابینہ کو اپنی چین کی اعلی قیادت بشمول چینی صدر شی جنگ پنگ اور پریمیئر لی چیانگ سے ملاقاتوں اور ان میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، اقتصادی اور اسٹرٹیجک شراکت داری پر مثبت پیش رفت پر بھی آگاہ کیا۔وفاقی کابینہ نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سفارش پر ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2024 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس پر وزارتِ قانون و انصاف کو ضروری نظر ثانی کرنے کی ہدایت کی، ایکٹ کے تحت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی تشکیل دی جائیں گی۔ بل کے تحت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن پالیسی ساز ادارہ ہوگا جو وفاقی اور صوبائی ممبران پر مشتمل ہوگا اور اس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔

ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی جائے گی جو ایک کارپوریٹ ادارہ ہوگا اورجس کے پاس مالی اور انتظامی اختیارات ہوں گے۔ ایکٹ کا مقصد پاکستان کی معیشت، گورننس اور سروسز سیکٹر کو بین الاقوامی سطح پر رائج جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر ثالثی قانون (The Arbitration Bill 2024) کے مسودے پر ضروری قانون سازی کی اصولی منظوری دی۔ کابینہ نے اس حوالے سے آئین کی شق 144 کے تحت صوبوں کے ساتھ مشاورت کی بھی منظوری دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔