اسلام آباد(آئی پی ایس ) صدرمملکت آصف علی زرداری سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران کے وفد نے ملاقات کی ۔ وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے حالیہ افسوسناک واقعات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز تحمل کا مظاہرہ کریں، آزاد جموں و کشمیر کے مسائل بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کریں، سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے تاکہ دشمن عناصر حالات کا فائدہ نہ اٹھا سکیں، آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہیے، موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیر اعظم پاکستان سے بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، سیاحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت آزاد جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ صدر مملکت نے دور دراز علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آزاد جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار اور پولیس اہلکار کی افسوسناک ہلاکت پر تعزیت کا بھی اظہار کیا ۔ صدر مملکت نے حالیہ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ۔
