Sunday, February 1, 2026
ہومبریکنگ نیوزجوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ججز کی تقرریاں موجودہ رولز کے تحت کرنے پر اتفاق

جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ججز کی تقرریاں موجودہ رولز کے تحت کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز )چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم سے متعلق اجلاس کے منٹس جاری کردیے گئے، جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ججز کی تقرریاں موجودہ رولز کے تحت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔جوڈیشل کمیشن رولز میں ترامیم سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی زیر سربراہی میں منعقد ہوا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس کے منٹس جاری کردیے گئے۔

اعلامیہ سپریم کورٹ کے مطابق اجلاس کا ایجینڈا جوڈیشل کمیشن رولز میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینا تھا اور دوران اجلاس چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس قاضی فائز عیسی نے اراکین سے مجوزہ تجاویز پر رائے طلب کی۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس مخر کرنے کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آئین کے آرٹیکل 175 اے میں ترمیم پر غور کر رہی ہے، مجوزہ ترمیم کے ذریعے جوڈیشل کمیشن کی ساخت تبدیل ہو سکتی ہے۔اعلامیے کے مطابق جسٹس یحیی آفریدی نے ایجنڈے پر بحث نہ کرنے اور اجلاس ملتوی کرنے کی تجویز دی تو تمام اراکین نے اجلاس ملتوی کرنے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ججز کی تقرری کے معاملے پر تاخیر نہیں ہونی چاہیئے تاہم ججز کی تقرریاں موجودہ رولز کے تحت کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں جوڈیشل کمیشن ممبران سمیت چاروں صوبوں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز، سنئیر ججز، فیڈرل شریعت کورٹ کے چیف جسٹس، تمام صوبائی بار کونسلز کے نمائندے و دیگر شریک ہوئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔