ہومپاکستانسرینا عیسیٰ کا صدر مملکت کو خط،شوہر کے خلاف بے بنیاد ریفرنس پرمعافی مانگنے کا مطالبہ

سرینا عیسیٰ کا صدر مملکت کو خط،شوہر کے خلاف بے بنیاد ریفرنس پرمعافی مانگنے کا مطالبہ

اسلام آباد ،سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کی اہلیہ سرینہ عیسی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ دیا۔

سرینہ عیسی نے خط میں صدر مملکت سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ صدر مملکت جب سے میرے خاوند جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر ہے، تب سے اب تک آپ تین دفعہ صدر ہائوس میں میڈیا کو انٹرویو دے چکے ہیں جو کہ صدر مملکت کے حلف کے منافی ہے۔ آپ نے اپنے انٹرویوز کے ذریعے جسٹس قاضی فائز عیسی کے ریفرنس کے فیصلے پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کی کوشش کی۔ ریفرنس زیر سماعت ہونے کے پیش نظر میرے خاوند جسٹس قاضی فائز عیسی نے مجھے آپ کے الزامات کا جواب دینے سے منع کر رکھا تھا۔ آپ کی وجہ سے میرے والد نے خاموشی سے تکلیف سہی اور آپ ہی کی وجہ سے میرے والد دکھی دل کے ساتھ اس دنیا سے رخصت ہوئے۔19 جون 2020 کو آپ کا میرے خاوند کیخلاف ریفرنس ردی کی ٹوکری کی نظر ہوا لیکن آپ کی جانب سے ابھی تک اپنے جھوٹے الزامات پر معافی نہیں مانگی گئی بلکہ آپ کے ایک اور کارندے مرزا افتخار الدین نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے قتل کا مطالبہ کیا اور آپ اور آپکی حکومت نے اس دہشتگردانہ بیان دینے سے نہ روکا۔ صدر مملکت جب میں نے فیصلے کیخلاف رویو پٹیشن دائر کی تو سوشل میڈیا پر ایک بار پھر مجھے اور میرے خاوند جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف منفی پراپیگنڈا کیا گیا۔ میرے خاوند نے عدالتی کارروائی ٹی وی پر نشر کرنے کی درخواست کی تاہم آپ کے سرکاری وکلا نے اس قانونی درخواست کی بھی مخالفت کردی۔ آپ اور حکومت کی سچ کو دبانے کی تمام کاوشیں رائگاں گئیں اور ہم فاتح قرار پائے۔ پھر بھی کچھ لوگوں نے فیصلے کو منظور کرنے سے انکار کیا اور معزز جج صاحبان اور میرے خلاف سوشل میڈیا پر ذاتی نوعیت کی تنقید کی۔ چند افراد نے سوشل میڈیا پر باقاعدہ وڈیوز جاری کیں جن میں عدلیہ اور ججز کی توہین کی گئی۔ سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے بھری عدالت میں جھوٹ بولا، سپریم کورٹ کے سوال کرنے پر اپنا جھوٹا بیان واپس لیا۔ آپ نے 19مئی 2021 کو ایک اور انٹرویو دیا جس میں آپ نے میرے شوہر کیخلاف اپنے ریفرنس کی ایک بار پھر حمایت کی اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر اعتراضات اٹھائے۔ جناب صدر کیا آپ کا حلف آپ کو اس بات کی اجازت دیتا ہے،آپ کو اپنی غلطی کی معافی مانگنی چاہئے۔

a8a2b97e 3505 40b8 a84e 650019c48f3a 1 1

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔