اسلام آباد (سب نیوز)سابق اٹارنی جنرل اور سپریم کورٹ کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیف الیکشن کمشنر تعینات کر دیا گیا۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہ خاور کو 10 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر 3 ماہ کیلئے پی سی بی کا چیف الیکشن کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق شاہ خاور کو 4فروری 2024سے قبل پی سی بی کے الیکشن کروانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، شاہ خاور کو ریجنز اور پی سی بی کے چیئرمین کے الیکشن کروانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف دیکھ رہے ہیں جن کی مدت میں رواں ماہ ہی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے توسیع کی تھی۔ واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا الیکشن جلدازجلد کروانے کیلئے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی کو 23 نومبر کو ایک اور خط لکھ دیا تھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کو تین ماہ سے زائد توسیع نہیں دی جائیگی۔ وفاقی کابینہ نے منیجمنٹ کمیٹی کوچیئرمین اوربورڈآف گورنرزتشکیل دینے کی ذمہ داری دی ہے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ منیجمنٹ کمیٹی کی جانب سے اعلی عہدے پر تقرریوں کو اختیارات کاغلط استعمال سمجھا جائے گا۔
