اپر دیر (سب نیوز)اپر دیر میں چکیاتن کے مقام پر پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن میں جانے والوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ہولیس کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دیربالا ضلع میں دفعہ 144کے باعث پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں، اس دوران چکیاتن کے مقام پر ورکرز کنونشن جانے والوں کے ایک قافلے کو روکنے کی کوشش کی گئی جس پر قافلے میں موجود لوگوں نے پولیس پر پتھرا وکیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔جوابا پولیس نے فائرنگ کی اور پتھرا کرنے والوں میں شامل ایک شخص زخمی ہوگیا۔پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ چکیاتن میں عوام کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر پاتراک سیاسن کا رہائشی پی ٹی آئی کارکن شاہ عالم خان ولد محمد عارف زخمی ہوا، زخمی کارکن کے ٹانگ اور بازو پر زخم آئے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا اور علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق عوام کے پتھراو سے پولیس اہلکار شیرین زادہ بیلٹ نمبر 2071 پیشانی چوٹ آنے زخمی ہوا، جسے اسپتال دیر منتقل کیا گیا ہے۔اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ کہاں ہے الیکشن کمیشن کی لیول پلینگ فیلڈ؟ الیکشن کمیشن ابھی سے بتا دے کہ وہ صرف دھندلی زدہ الیکشن کرنے کی تیاری میں مصروف ہے کیا؟۔انہوں نے مزید لکھا کہ عوام ایسے الیکشن کو رد کر دے گی اور اس کی ذمہ داری الیکشن کمیشن اور ان غیر آئینی حکومتوں پر ہی ہوگی۔
