برازیلیا:سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی فروخت کرنیکے الزام میں سابق برازیلین صدر بولسونارو کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔برازیلین میڈیا کے مطابق بولسونارو پر تین ملین ڈالر مالیت کے تحائف کی غیر قانونی منتقلی کا الزام ہے۔
برازیلین اخبار نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ 2021 میں اس وقت کے صدر بولسونارو کو سعودی حکومت نے زیورات اور قیمتی گھڑی تحفے میں دی جسے برازیلین صدر نے اپنے مشیرکے ذریعے خفیہ طور پر برازیل منتقل کرنیکی کوشش کی اور بعد میں تحفے میں ملی گھڑی کو امریکا میں 68 ہزار ڈالر میں فروخت کردیا۔
خیال رہے کہ برازیل کے قانون کے مطابق ایک ہزار ڈالر سے مہنگی جو بھی چیز بیرون ملک سے لائی جائے اسے ڈیکلیئر کرنا لازمی ہے، ساتھ ہی صدور غیر ملکی تحائف توشہ خانہ میں جمع ہونیکے بعد ساتھ لے جانے کے اہل نہیں ہوتے۔ بولسونارو کے وکلا کا کہنا ہے کہ تحائف ریاستی نہیں، حکومتی پینل بیشتر تحائف ذاتی ملکیت قرار دے چکا ہے۔اس حوالے سے برازیلین ادارہ تحقیقات کر رہا ہے، الزام ثابت ہونے پرسابق صدر کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
