اسلام آباد:پی ایم ڈی سی نے وزیر اعظم کی ہدایت پر ایم ڈی کیٹ امتحان کی فیس جمع کروانے کیلئے پورٹل کھول دیا۔انوارالحق کاکڑ کی ہدایات کے مطابق، پی ایم اینڈ ڈی سی نے ایم ڈی کیٹ امتحان 2023 کی تاریخ میں توسیع کردی ہے اور اب رواں سال 10 ستمبر کو دوبارہ شیڈول کردیا ہے۔اس لیے طلبہ کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اور بقیہ طلبہ جو فیس جمع نہ کروانے کی وجہ سے اپنی ایم ڈی کیٹ(MDCAT) رجسٹریشن مکمل نہیں کر سکے تھے، انہیں دوبارہ اپنی درخواستیں مکمل کرنے کے لیے کونسل کی طرف سے محدود وقت دیا جا رہا ہے۔
ایم ڈی کیٹ(MDCAT) امتحان کی درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ تک تاحال 202336 امیدواروں نے رجسٹریشن کے لیے اپنی درخواستیں جمع کروائیں ہیں جن میں سے 189261 امیدوار امتحان کے لیے اپنی رجسٹریشن کو مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔پی ایم اینڈ ڈی سی کونسل نے مشاہدہ کیا کہ تقریبا 9000 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) امتحان کے فارم جمع کروائے لیکن وہ اپنی فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے میں ناکام رہے۔
لہذا، پی ایم اینڈ ڈی سی نے اپنی ہیلپ لائن کے ذریعے امیدواروں کی جانب سے متعدد درخواستیں وصول کرنے کے بعد یہ معاملہ پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کے سامنے رکھا جس کے بعد طلبا کی سہولت کے لیے صدر پی ایم ڈی سی نیایم ڈی کیٹ (MDCAT) رجسٹریشن کے لیے زیر التوافیس جمع کروانے کے لیے پورٹل کھولنے کی اجازت دی تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدوار ایم ڈی کیٹ (MDCAT) امتحان میں حصہ لے سکیں۔
وہ طلبا جنہوں نے آنے والے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) کے لیے اپنے رجسٹریشن فارم کامیابی کے ساتھ جمع کروائے ہیں لیکن فیس کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے وہ اپنے پہلے سے تیار کردہ چالان جمع کروا سکتے ہیں یا نیا چالان فارم ڈان لوڈ کرنے کے بعد بھی فیس جمع کروا سکتے ہیں۔یہ پورٹل محدود وقت صرف 23 سے 24 اگست یعنی صرف 2 دن تک 48 گھنٹے کی محدود مدت کے لیے کھلا رہے گا۔ یہ آپشن پورے ملک میں فراہم کیا جائیگا جوکہ صرف ایک بار کے لیے دستیاب ہوگا۔
