اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے ایس ایس پی آپریشنز کے ہمراہ اچانک تھانہ سبزی منڈی کا دورہ کیا اور شہریوں کی سہولت کیلئے قائم فرنٹ ڈیسک کا معائنہ کیا،تفتیش افسران سے ملاقات کی اور زیر تفتیش مقدمات کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی نے مساجد اور امام بارگاہوں پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ،نماز اور تراویح کے دوران کورونا وائرس کے متعلق حکومتی ایس او پی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ افسران سائلین سے ملاقات کیلئے اوپن ڈور پالیسی کے تحت کام کریں، سائلین کے مسائل پوری توجہ کے ساتھ سنیں اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں،دادرسی کے لیے آنے والے سائلین کی عزت نفس کا پورا خیال رکھا جائے،شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، ڈیوٹی پر مامور عملہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے سرجیکل ماسک کا استعمال لازمی کریں ،اسلام آباد پولیس دن رات شہریوں کی خدمت میں کوشاں ہے۔علاوہ ازیں پولیس کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے ایس ایچ او سبزی منڈی ملک لیاقت کو تبدیل کرتے ہوئے محمد اشرف کمانڈوکو ایس ایچ او تھانہ سبزی منڈی تعینات کر دیا۔
