لاہور:سابق خاتونِ اول بشری بی بی کے بیٹے ابراہم مانیکا، بھائی احمد مجتبی وٹو اور دوست فرح گوگی کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔بشری بی بی کی سہیلی فرحت شہزادی عرف فرح گوگی اور سابق وزیراعلی عثمان بزدار کے خلاف پنجاب میں مبینہ رشوت کے عوض تقرریوں اور تعیناتیوں کا الزام ہے اور کرپشن کے مقدمے میں گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹرز میں درج مقدمے میں اہم سیاسی شخصیات کے ساتھ بیورو کریٹ بھی شامل ہیں اور گرفتاریوں کے لیے اینٹی کرپشن پنجاب نے ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔
حکام کا دعوی ہے کہ ملزمان نے بھاری رشوت لے کر صوبے بھر میں افسران کو من پسند پوسٹیں دیں۔ادھر بشری بی بی اور ان کے بھائی احمد مجتبی وٹو سمیت 5 افراد کے خلاف اوکاڑہ میں کرپشن کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔درج ایف آئی آر کے مطابق ماڈل ویلیج کے ترقیاتی کاموں میں 2 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد غبن کا کیا گیا، بشری بی بی کے بھائی احمد مجتبی وٹو نے ٹھیکہ من پسند شخص کو دلوایا، احمد مجتبی وٹو نے منصوبے کا زیادہ تر سامان اپنے ڈیرے پر لگوایا۔ایف آئی آر کے مطابق احمد مجتبی وٹو نے ماڈل ویلیج منصوبے کی اسٹریٹ لائٹس بھی اپنے ڈیرے پر لگوا لیں۔
