لاہور: حکومت کی جانب سے دکانیں و کاروباری مراکز رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر آل پاکستان انجمن تاجران کا ردِ عمل بھی سامنے آگیا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین سپریم کونسل نعیم میر نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر یہ منصوبہ ناقابل عمل ہو گا، سب سے پہلے صوبائی حکومتوں کو تاجر نمائندوں کے ساتھ بٹھایا جائے، تاجر مہنگی بجلی کا خریدار ہے، کیا حکومت مہنگے خریدار کے بجائے سستے خریدار کو بجلی فروخت کرے گی۔
نعیم میر نے کہا کہ سرکلر ڈیٹ کا کیا بنے گا؟ کاروباری اوقات کار میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو گی؟ انتظامیہ اور پولیس کی بھتہ خوری سے تاجروں کو کیسے بچایا جائے گا؟ کنٹونمنٹ اور ڈی ایچ اے کی مارکیٹیں بھی اوقات کار کی پابندی کریں گی؟ یہ فیصلہ کتنا پختہ اور پائیدار ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ جب تک تمام سٹیک ہولڈرز بیٹھ کر فیصلہ نہیں کریں گے تو احسن اقبال کے اعلان کی حیثیت محض رسمی ہو گی۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے اپنے رد عمل میں کہا کہ حکومت 8 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ واپس لے، اس گرمی میں دکانیں رات 8 بجے کسی صورت بند نہیں کریں گے، ہرحکومت دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کی ناکام پریکٹس کر چکی ہے۔

