اسلام آباد(سب نیوز)سابق ڈائریکٹر لینڈ و موجودہ ممبر اسٹیٹ افنان عالم کی نشاندہی پر 60کروڑ روپے کا گھپلا پکڑا گیا، سرکارکیلئے حاصل کی گئی اراضی کی رقم اصل حقدار کی بجائے غیر متعلقہ شخص کو دینے پر چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل کا نو ٹس ، مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں اکائونٹس آفیسر عاشق حسین اور کیشئر ذیشان مجید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا حکم دے دیا ۔
چیئرمین سی ڈی اے کا ذمہ دار افسران کے خلاف فوری ریکوری کا مقدمہ بھی درج کرانے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈائریکٹر لینڈ و موجودہ ممبر اسٹیٹ افنان عالم نے 27فروری 2023کو خط لکھ کر سیکٹر ایچ 16اور آئی 17میں حقیقی متاثرین کی بجائے دیگر افراد کو ادائیگی کا اسکینڈل اٹھایا تھا جس کے بعد انہی کے دور میں معاملے کی انکوائری کی گئی تھی جس میں گھپلے کی نشاندہی ہوئی ۔ چیئرمین سی ڈی اے کو موضع نون کے حقیقی متاثرین کی ایکوائر شدہ زمین کے معاوضے کی عدم ادائیگی کی شکایت موصول ہوئی تھی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے حقیقی حق داروں کی شکایت پر دو رکنی انکوائری کمیٹی کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔انکوائری کمیٹی نے معاملے کی چھان بین کے بعد قرار دیا کہ سی ڈی اے لینڈ پیمنٹ سیکشن نے زمین کا معاوضہ حقیقی متاثرین کے بجائے دیگر افراد کو ادا کیا۔حقیقی متاثرین کو عدم ادائیگی کی وجہ سے اتھارٹی کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا، سی ڈی اے چیئرمین کیپٹن نور الامین مینگل نے فراڈ ایکٹ کے تحت ذمہ دار اہلکاروں اور افسران کے خلاف کاروائی کا حکم دیا.چیئرمین سی ڈی اے نے ذمہ ڈار ٹھرائے جانے والے اہلکاروں کے خلاف فوجداری مقدمے علاوہ ریکوری کا مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
