ہومتازہ ترینعیدالاضحی کی آمد، مویشیوں میں کانگو اور لمپی اسکن وائرس پھیلنے کا خدشہ، مراسلہ جاری

عیدالاضحی کی آمد، مویشیوں میں کانگو اور لمپی اسکن وائرس پھیلنے کا خدشہ، مراسلہ جاری

پشاور(سب نیوز)عیدالاضحی کی آمد کے ساتھ ہی مویشیوں کی خریداری کاسلسلہ شروع ہوجاتا ہے، محکمہ لائیوسٹاک خیبرپختونخوا کی جانب سے جانوروں میں کانگو وائرس اور لمپی اسکن وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہرکیا گیا ہے ۔

مویشیوں میں کانگو اور لمپی اسکن وائرس پھیلنے کے خدشے پر محکمہ لائیو اسٹاک خیبرپختونخوا نے تمام اضلاع کو مراسلہ ارسال کردیا ۔ جاری مراسلے میں کہا گیا کہ مویشیوں کی نقل وحرکت سے وبا پھیلنے کے امکانات ہیں، قبائلی اضلاع میں چیک پوسٹوں کو مویشیوں کے لیے اضافی سپرے فراہم کیا جائے۔محکمہ لائیو سٹاک کے مطابق شمالی وزیرستان اور تمام سب ڈویژنز میں چیک پوسٹوں پرعملہ تعینات کیا جائے، مویشیوں سے پھیلنے والی بیماریاں صحت عامہ کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک عالم زیب خان کے مطابق اب تک لمپی اسکن وائرس کی 83 ہزار ویکیسن ڈوز خریدی گئی ہیں، مزید ویکسین خریدنے کے لیے محکمہ خزانہ سے فنڈز مانگے گئے ہیں۔ان کامزید کہنا تھا کہ گزشتہ سال خیبرپختونخوا میں لمپی اسکن وائرس سے ایک لاکھ 8 ہزار مویشی متاثر ہوئے جبکہ 7 ہزار مویشی مر گئے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔