لاہور،معروف صحافی اور انسانی حقوق کے علمبردار آئی اے رحمان انتقال کر گئے ۔ آئی اے رحمان کے بیٹے اشعر رحمان کے مطابق آئی اے رحمان شوگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ ان کی نماز جنازہ بعد نماز عشا لاہور میں ادا کی جائے گی۔آئی اے رحمان 1930 میں بھارتی ریاست ہریانہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے صحافت کے کیریئر کا آغاز ایک اخبار میں بطور رپورٹر کیا تھا۔ وہ پاکستان انڈیا پیپلز فورم فار پیس اینڈ ڈیموکریسی کے بانی چیئرمین بھی تھے۔آئی اے رحمان طویل عرصے تک ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر رہے ہیں۔ آئی اے رحمان تقریبا 65 برس صحافت سے وابستہ رہے اور 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔آئی اے رحمان کی وفات پر صحافتی تنظیموں، سیاسی و سماجی رہنماوں نے گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ معروف صحافی،کالم نگار اور ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کے سابقہ سیکریٹری جنرل آئی اے رحمان کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا۔ملک آج ایک دانشور، عظیم رہنما اور انسانی حقوق اور مساوات کے علمبردار سے محروم ہو گیا ہے۔ان کی خدمات کوہمیشہ یادرکھا جائے گا۔اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے،آمین۔
معروف صحافی اور انسانی حقوق کے علمبردار آئی اے رحمان انتقال کر گئے ،اسپیکر اسد قیصر کا اظہار افسوس
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
