اسلام آباد:صدرمملکت نے سول ریویو پیٹیشن میں کیوریٹیو ریویو پیٹیشن اور سی ایم اے واپس لینے کی منظوری دے دی۔
صدرمملکت نے منظوری آئین کے آرٹیکل 48 ایک کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی۔
صدر مملکت نے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ انیس احمد شہزاد کے حق میں سند اختیارپربھی دستخط کردیے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دیا تھا اور ان کے خلاف ریفرنس کی پیروی نہ کرنیکا فیصلہ کیا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریفرنس کے نام پرجسٹس قاضی فائز عیسی اور ان کے اہلخانہ کو ہراساں اور بدنام کیا گیا، ان کیخلاف ریفرنس کوئی ریفرنس نہیں تھا، یہ ایک منصف مزاج جج کے خلاف منتقم مزاج عمران نیازی کی انتقامی کارروائی تھی، یہ عدلیہ کی آزادی پر شب خون اور اسے تقسیم کرنے کی مذموم سازش تھی، مسلم لیگ(ن)اور اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن دور میں بھی اس کی مذمت کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی نے صدر کے آئینی منصب کا اس مجرمانہ فعل کے لیے ناجائز استعمال کیا، صدر عارف علوی عدلیہ پر حملے کے جرم میں آلہ کار اور جھوٹ کیحصہ دار بنے، پاکستان بارکونسل سمیت وکلا تنظیموں نے بھی اس ریفرنس کی مخالفت کی تھی، اس ریفرنس سے متعلق پاکستان بارسمیت وکلا تنظیموں کی رائے کی قدر کرتے ہیں۔
صدرمملکت نے جسٹس قاضی فائزکیخلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کی منظوری دے دی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
