اسلام آباد(سب نیوز)پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کل فون پر زبانی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی، کانفرنس کی دعوت دینے کا یہ کوئی مناسب طریقہ نہیں۔انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی میں دعوت دینے کا ایک احسن طریقہ کار ہوتا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے، اس وقت یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، لیکن حکومت کا رویہ غیر آئینی ہے، ایسے ماحول میں یکجہتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو سب سے پہلے اپنے رویوں میں سدھار لانا ہوگا۔
سابق اسپکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہماری ہر پالیسی پاکستان کے مفاد کی پالیسی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم امن کے لئے اپنے تمام اختلافات بھلانے کے لئے تیار ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنے طرزعمل کو بہتر بنائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد حسین چوہدری کہتے ہیں کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو مشاورت کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت میڈیا پر دی، اے پی سی کیلئے پی ٹی آئی کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، کانفرنس اب 7 کے بجائے 9 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کل جماعتی کانفرنس ممیں دہشت گردی، درپیش چیلنجز کے مقابلے کی مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی، نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں ملک کی تمام قومی و سیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مشاورت کے بعد تاریخ میں تبدیلی کی ہے۔
پی ٹی آئی،اے پی سی میں شرکت کیلئے باضابطہ دعوت نامے کی منتظر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
