لاہورکی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔
پولیس نے سخت سکیورٹی میں فواد چودھری کو لاہور کی کینٹ کچہری عدالت میں پیش کیا جب کہ اس موقع پر ان کو ہتھکڑی لگائی گئی تھی۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ کوہسار پولیس نے فواد چودھری کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اس لیے ملزم کی اسلام آباد منتقلی کے لیے راہداری ریمانڈ کی ضرورت ہے۔
فواد چودھری کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد کا 4 گھنٹے کا راستہ ہے, راہداری ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے، یہ جائیں اور اسلام آباد میں جا کر پیش کریں، ایک روزہ راہداری ریمانڈ لے کر کہیں اور لے کر جانا چاہتے ہیں۔
فواد چودھری کے وکیل نے کہا کہ سفری ریمانڈ نہیں بنتا، ان کی ہتھکڑی بھی کھولی جائے، دونوں ہاتھوں کی بجائے ایک ہاتھ پر ہتھکڑی لگائیں۔
وکیل کے دلائل پر عدالت نے کہا کہ آپ فضول باتوں میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا اور ان کا سروسز اسپتال سے میڈیکل کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ فواد چوہدری کو میڈیکل کے بعد اسلام آباد روانہ کیا جائے۔
عدالتی حکم کے بعد پولیس فواد چوہدری کو لے کر روانہ ہوگئی۔
فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ منظور، میڈیکل کرانے کا حکم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
