Monday, October 20, 2025
ہومپاکستانجدہ میں پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیر اہتمام سانحۂ کارساز کے شہداء کے لیے دعائیہ تقریب

جدہ میں پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیر اہتمام سانحۂ کارساز کے شہداء کے لیے دعائیہ تقریب

جدہ ( خالد نواز چیمہ)
سانحۂ کارساز کے شہداء کی یاد میں پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیر اہتمام ایک پُروقار دعائیہ تقریب کبابش ریسٹورنٹ جدہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت صدر پیپلز پارٹی سعودی عرب تصور چوہدری نے فرمائی، جبکہ مہمانِ خصوصی پاکستان سے تشریف لائے سابق وزیرِ مملکت برائے امورِ داخلہ جناب تسنیم احمد قریشی تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جو جناب جعفر رانا نے کی، جبکہ ہدیہ نعت ناظمِ تقریب آفتاب ترابی نے پیش کیا۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم، چیئرمین انویسٹر فورم اور سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر وڑائچ نے خصوصی شرکت کی۔ پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سینیئر نائب صدر پیپلز پارٹی سعودی عرب ملک جاوید حسین اعوان نے اپنے خطاب میں شہدائے کارساز کو “سرخ سلام” پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی یہ قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
اسی طرح پیپلز پارٹی جدہ سٹی کے صدر راجہ اعجاز حسین جنجوعہ نے بھی اپنے خطاب میں سانحہ کارساز کے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

چوہدری محمد اکرم چیئرمین مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ “چشم فلک نے وہ منظر بھی دیکھا جب کارکن اپنے بریدہ بدن کو بھول کر اپنی قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کی خیریت دریافت کر رہے تھے۔ ایسے وفادار اور نظریاتی کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں۔”

صدر تصور چوہدری نے اپنے خطاب میں شہدائے کارساز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے جمہوریت کے استحکام کے لیے عظیم قربانیاں دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آخر میں مہمانِ خصوصی تسنیم احمد قریشی نے سانحۂ کارساز کا آنکھوں دیکھا حال بیان کیا اور پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کے میزبان کبابش آرٹس کونسل جدہ کے چیئرمین ملک علی خورشید سلطان نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، جبکہ دعائے فاتحہ کبابش آرٹس کونسل کے سیکرٹری جنرل سید عمران شاہ نے کروائی۔
تقریب کے اختتام پر پرتکلف عشائیہ دیا گیا جس میں ریاض شاہین آفریدی، اسد اکرم، چوہدری خالد نواز چیمہ، طارق چوہدری، عمر نذیر جٹ، راجہ رفیق، ارسلان اعوان، ملک تکاثر سمیت متعدد کمیونٹی ارکان نے شرکت کی۔

تقریب کی نظامت ڈپٹی سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی آفتاب ترابی نے انجام دی اور شہدائے کارساز کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔