پاکستان اور سعودی عرب کے صحافیوں کی شرکت میڈیا تعلقات اور مشترکہ تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو
جدہ (خالد نواز چیمہ سے)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صحافیوں کے لیے چار روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے صحافیوں نے شرکت کی۔
اس تربیتی پروگرام کا مقصد صحافیوں کو جدید صحافتی تقاضوں، تحقیقاتی رپورٹنگ کے اصولوں، ڈیجیٹل میڈیا کی افادیت اور بدلتے ہوئے عالمی ذرائع ابلاغ کے رجحانات سے آگاہ کرنا تھا۔ ماہرین نے عملی مشقوں اور لیکچرز کے ذریعے شرکاء کو پیشہ ورانہ مہارتوں میں نکھار پیدا کرنے کی تربیت فراہم کی۔
ورکشاپ میں پاکستان سے مختلف میڈیا اداروں کے نمائندوں نے بھی خصوصی شرکت کی جن میں دنیا نیوز اسلام آباد سے رحیم جدون، وی نیوز کی زرقا طارق چوہدری اور پاکستان آبزرور میڈیا گروپ کے نمائندہ چوہدری عبداللہ گوہر ملک شامل تھے۔ شرکاء نے کہا کہ اس ورکشاپ سے صحافیوں کو نہ صرف پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا موقع ملا بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے صحافتی اداروں کے درمیان روابط کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
ورکشاپ کے اختتام پر پاکستان روانگی کے موقع پر کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر شرکاء کی ملاقات انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستان جرنلسٹس کے وائس پریزیڈنٹ اور اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن سعودی عرب کے صدر خالد نواز چیمہ سے ہوئی۔ اس موقع پر انہیں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ ملاقات کے دوران میڈیا کے مثبت کردار، پاک–سعودی صحافتی تعلقات اور مستقبل میں مشترکہ تربیتی پروگرامز کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خالد نواز چیمہ نے کہا:
“پاکستان اور سعودی عرب کے صحافیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس قسم کی تربیتی ورکشاپس نئے صحافتی رحجانات کو سمجھنے اور مشترکہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گی۔