Sunday, December 22, 2024
ہومپاکستانکٹاس راج مندر کمپلکس کیس: سپریم کورٹ کا پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو انتظام دینے کا حکم

کٹاس راج مندر کمپلکس کیس: سپریم کورٹ کا پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو انتظام دینے کا حکم

اسلام آباد، سپریم کورٹ نے کٹاس راج مندر کمپلیکس کا انتظام پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو دینے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ ملتان پرلاب مندر کی سکیورٹی کے اقدامات کے متعلق کیا پیش رفت ہوئی؟ اس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ پرلاب مندر میں ہولی 26 مارچ کو منانے کا کہا گیا اور 26 مارچ کو اپوزیشن نے لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، سیاسی ماحول کی وجہ سے سکیورٹی کی فراہمی میں مسائل ہو سکتے ہیں۔اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب کی عدم پیشی پر سپریم کورٹ نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ چیف سیکرٹری نہ خود آئے اور نہ عدالتی حکم پر عمل ہوا۔جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ پرلاب مندر کے حوالے سے خط لکھ کر کونسا تیر مارا ہے؟ خط و کتابت کرنا سیکرٹری کا نہیں، کلرک کا کام ہے، سیکرٹری کا کام احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوتا ہے، اب 100 سال پرانا زمانہ نہیں کہ خط لکھ کر بیٹھے رہیں۔سپریم کورٹ نے پرلاب مندر کی بحالی اور سکیورٹی کے احکامات پر 2 ہفتے میں عملدرآمد رپورٹ مانگ لی۔ جب کہ عدالت نے کٹاس راج مندر کمپلیکس کا انتظام پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو دینے کا بھی حکم دیا۔عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت کٹاس راج مندر کا انتظام پنجاب حکومت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کے حوالے کرے اور حکومت اس کام کو 2 ہفتوں میں یقینی بنائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔