ہومپاکستانپرویز الہی کی رخصتی قریب، چند روز میں جانے والے ہیں، ن لیگ کا دعوی

پرویز الہی کی رخصتی قریب، چند روز میں جانے والے ہیں، ن لیگ کا دعوی

پاکستان مسلم لیگ ن نے دعوی کیا ہے کہ پرویز الہی کی رخصتی قریب، اگلے چند روز میں پنجاب میں حکومت بنا لیں گے۔لاہور کی سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ نے کہا ہے پنجاب حکومت کے وسائل ریاست مخالف بیانئے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں

، ان کے ساتھ بیورو کریسی بھی کام کرنے کے لیے تیار نہیں، 15 سے زائد حکومتی ایم پی ایز ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، وزیراعلی نے سیلاب زدہ عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ، یہ کمپنی اب زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ ہے، ہم پولیس کے پاس خود جا کر شامل تفتیش ہوئے، دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں ملوث ایک شخص شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار نہیں ہے، ضمانت کے پیچھے چھپا ہوا ہے، اس جھوٹے مقدمے میں ان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں پرویز الہی اور ان کے صاحبزادے عمران نیازی کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں، صوبے کے وسائل کو فوج اور عدلیہ کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، عمران خان کے جلسے میں لوگوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوئی افسر کام کرنے کو تیار نہیں، صوبے میں ریاست مخالف بیانیہ بنایا جا رہا ہے، پنجاب میں حکومت کا حق ہمارا بنتا تھا، ہمارے 197 اور ان کے 186 ارکان تھے، کیا کسی ایک ناکردہ گناہ کی سزا دی جا سکتی ہے۔عطا تارڑ نے دعوی کیا کہ 15 سے زیادہ ایم پی اے ہمارے ساتھ ہیں، عمران نیازی کو مشورہ ہے وہ جائیں اور انویسٹی گیشن جوائن کریں۔اس موقع پر لیگی رہنما رانا مشہود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سیلاب زدگان کو بھول کر پرویز الہی پیسہ صرف اپنے علاقے میں لگا رہا ہے، یہ وہ صوبہ تھا جو دوسرے صوبوں کا دکھ بانٹتا تھا، آج سیلاب زدگان بے یارومدگار ہیں، پنجاب میں آٹا سستا ہونا چاہیے جیسے ہم نے کیا تھا۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنی اب نہیں چلنی، پرویز الہی صاحب، عمران خان اب جتنے مرضی پالش کر لو اب پالش نہیں چلنی۔

اس سے قبل سیشن کورٹ میں پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے لیگی رہنما عطا تارڑ سمیت 11 ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔عدالت نے لیگی رہنماں کی عبوری ضمانتوں میں 19 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے تمام ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا، عدالت نے پولیس سے تمام ملزمان کا ریکارڈ بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔واضح رہے کہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے ملزمان کو مقدمے میں نامزد کررکھا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔