Sunday, September 8, 2024
ہومپاکستاناسلام آباد کے دیہی وشہری علاقوں میں ترقیاتی کام تیز کیے جائیں، علی نواز اعوان

اسلام آباد کے دیہی وشہری علاقوں میں ترقیاتی کام تیز کیے جائیں، علی نواز اعوان

اسلا م آباد،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور سی ڈی اے علی نواز اعوان نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی دارلحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والے خصوصی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چئیرمین راجہ خرم نواز، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی آئیسکو اوروفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں جن منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں بہارہ کہو بائی پاس اور راول ڈیم فلائی اوور کے راستے سے گیس اور بجلی کی پائپ لائنوں کی منتقلی کا مسئلہ، کورنگ روڈ، کورنگ پل، کیانی پل، پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس ، آئی جے پی روڈ، سیونتھ ایونیو انٹر سیکشن ، ٹین ایونیو، سیون اپ چوک سروس روڈ نارتھ ، سروس روڈ ویسٹ فیض آباد تا کورال، پیدل پل ایف نائن پارک، شہزاد ٹائون/راول ٹائون، سہالہ پل، مللال پل، فراش ٹائون اور ماڈل ٹائون ہمک کی سڑکیں، ذبح خانہ، غازی بروتھا کے آغاز پر رپورٹ اورسروس روڈ سوہان گلبرگ تا فیض آباد راول ڈیم روڈ شامل ہیں۔ تمام محکموں کے حکام نے شہری اور دیہی علاقوں میں جاری پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ تمام منصوبوں پر کام تیز کیا جائے اور جہاں کوئی انتظامی رکاوٹ سامنے آئے اس کے بارے براہِ راست مجھے بتایا جائے ۔ انہوں نے فراش ٹائون کی سڑکیں ایک ہفتے کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔