Saturday, July 20, 2024
ہومپاکستانسردار تنویر الیاس کی ہنر مند افراد کی تربیت، روزگار بارے وزیراعظم کو بریفنگ

سردار تنویر الیاس کی ہنر مند افراد کی تربیت، روزگار بارے وزیراعظم کو بریفنگ

اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت سکل ڈویلپمنٹ اور ٹریننگ کے حوالے سے ہونے والے اہم اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود، صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعظم اعظم خان، سجاد برکی، صدر پی ٹی آئی امریکہ، پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عاطف خان اور متعلقہ شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سردار تنویر الیاس خان نے پاکستانی ہنر مند افراد کو بین الاقوامی معیار پر تربیت دینے اور روزگار کی حکمتِ عملی پر بریفنگ دیتے ہوئے اپنی تجاویز بھی دیں۔سردار تنویر الیاس خان نے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر جن چیلنجز کا سامنا ہے ان کیلئے صوبائی و وفاقی اداروں کے تعاون سے ایک جامع حکمتِ عملی بنائی جائے گی،ماضی میں اس شعبے کو نظر انداز کرنا نوجوان نسل کو ہنر مند افرادی قوت میں تبدیل کرنے کی بجائے بیروزگاری اور ترسیلات زر میں کمی کا باعث بنا۔اجلاس میں شریک حکومتی ذمہ داران نے وزیرِ اعظم پاکستان کو بتایا گیا کہ گزشتہ دس سال میں پہلی مرتبہ موجودہ دورِ حکومت میں ٹیووٹا کو دس ارب کا ترقیاتی بجٹ ملا جس کی بدولت ادارے نے تربیت دینے کی استعداد کو 90 ہزار سے دو لاکھ اور آن لائن سسٹم کے تحت ٹریننگ کے ذریعے مزید 50 ہزار تک بڑھا دیا گیا، اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ٹیوٹا کمپیٹینسی بیسڈ ٹریننگ اینڈ ایسسمنٹ سسٹم کے ذریعے بین الاقوامی کھپت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنر مند افراد کی نئی کھیپ تیار کرنے کی طرف گامزن ہے جو مختلف مخصوص شعبوں میں کسی بھی ملک میں روزگار حاصل کرسکے گی،اسکے علاوہ اجلاس کو مختلف ممالک کیلئے درکار ہنر مند افراد کو مد نظر رکھتے ہوئے تربیتی پروگراموں کے اجرا، نیشنل ایکریڈیٹیشن رجیم کے قیام اور اسکو مختلف بین الاقوامی اداروں سے منسلک کرنے کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو ہنر مند افراد کی تربیت کیلئے شروع کئے گئے 57 نئے تربیتی کورسس اور 200 ایسے کورسس کے بارے آگاہ کیا گیا جو جلد متعلقہ مشینری آنے کے فوری بعد شروع کر دیئے جائیں گے۔اسکے علاوہ وزیرِ اعظم کو نرسوں کیلئے پہلی مرتبہ ایک ہزار تعلیمی و تربیتی وظائف کے اجرا کے بارے بھی آگاہ کیا گیا،وزیرِ اعظم نے اس موقع پر عملی تربیت و ہنر مند افرادی قوت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک چین کی ترقی کے بے شمار عناصر میں سے ایک وہاں ہنر مند افرادی قوت پر خصوصی توجہ ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ وفاقی و صوبائی ادارے مل کر ایک جامع حکمتِ عملی بنا کر پیش کریں،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افرادی قوت میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، ضروت صرف اس امر کی ہے کہ بروقت اقدامات سے ان کی صلاحیتوں کو نکھار کر بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔