ہومپاکستانصدر مملکت کا شہدا کے جنازے میں شرکت نہ کرنے سے متعلق بیان سامنے آگیا

صدر مملکت کا شہدا کے جنازے میں شرکت نہ کرنے سے متعلق بیان سامنے آگیا

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے جنازوں میں شرکت کرنا چاہتے تھے لیکن پی ٹی آئی ٹرولرز کے شہدا سے متعلق زہریلے، جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے کے باعث شرکت نہ کرسکے۔تاہم اب اس حوالے سے صدرمملکت عارف علوی کا بیان سامنے آگیا ہے۔

صدر علوی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ‘شہدا کے جنازے میں میری عدم شرکت کو غیر ضروری طور پر متنازع بنایا جارہا ہے’۔انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز ٹوئٹس کی مذمت کرتا ہوں،ٹوئٹس کرنے والے ہماری ثقافت اور مذہب سے واقف نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق صدرمملکت نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے وطن کی خاطر جان قربان کی ہم ان کی توہین کیسے کرسکتے ہیں؟ پاکستانیوں کی طرح میں بھی ساری زندگی شہدا کا معترف رہا ہوں، شہدا کے لواحقین کے غم کا احساس ہے۔صدر علوی نے کہا کہ جب شہدا کے گھر والے روئے تو میں بھی رویا، کوئی شک نہیں پاکستان ان لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہی محفوظ ہے۔

واضح رہے کہ ذرائع کاکہنا تھا کہ صدر مملکت نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ بطور سپریم کمانڈر اور سربراہ مملکت وہ شہید فوجی جوانوں کے جنازوں میں شرکت کیلئے جانا چاہتے ہیں مگر اداروں کی جانب سے صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی ٹرولرز کی جانب سے شہدا سے متعلق کیے گئے زہریلے، جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے کے باعث شدید غم اور غصے کی لہر پائی جاتی ہے۔ صدر مملکت کو فیڈ بیک دیا گیا کہ بہتر ہو گا وہ شہدا کے جنازوں میں شرکت نہ کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔