حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو دی جانے والی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام کے ذریعے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے سابق وزیراعظم عمران خان کو دی جانے والی حکومتی سیکیورٹی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے اپنے پیغام میں بتایا کہ سابق وزیراعظم کو اسلام آباد پولیس کی طرف سے دی گئی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ایک طرف ایک مجرمہ مریم صفدر کو وزیراعظم کے برابر سیکیورٹی دی جا رہی ہے تو دوسری طرف امت مسلمہ کے لیڈر سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کی جانب اسلام آباد پولیس کے تمام لوگوں کو کل شام واپس بلا لیا گیا ہے ، یہ امپورٹڈ حکومت کی گھٹیا حرکتیں ہیں۔خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ ذاتی طور پر احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانیں۔اس حوالے سے متعلقہ حکام کو متنبہ کیا گیا کہ خاص طور پر عمران خان کی عوامی مصروفیات اور اجتماعات کے دوران حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

