وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن)کی پارلیمانی پارٹی نے قومی اداروں کیخلاف سازش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان پر زور دیا کہ آئین شکن عناصر کو آئین کی قوت سے نمٹاجائے اور ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کو قانون کی طاقت سے بلاتاخیراوربلاہچکچاہٹ کچل دیا جائے
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوششوں کو بھرپور مذمت کرتے ہیں،آئین اور قانون کے تحت ان اشتعال انگیز کوششوں پر سخت کارروائی کی جائے گی،اداروں کے خلاف پراپیگینڈے اور عوام کو دھڑوں میں تقسیم کرنے کی مزموم سازش بے نقاب ہو چکی ہے،عمران خان چاہتا ہے کہ یہاں انارکی ہو، ہم سب کو ملک کر اس فتنے سے ملک کی حفاظت کرنی ہے،حکومت کو ورثے میں انتظامی و معاشی مسائل، قرضے اور سیاست بچانے کیلئے لئے گئے غلط فیصلوں کے خطرناک معاشی مسائل ملے،میں نے کبھی زندگی میں ہار ماننا نہیں سیکھا،ہمیںماضی کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے مل کر کام کرنا ہے۔پیر کو منعقدہلیگی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ سابق غیرجمہوری وزیراعظم کی آئین اور عدلیہ سمیت قومی اداروں پر حملوں کے خلاف ‘زیروٹالرنس’ دکھاتے ہوئے فی الفور قانونی اقدامات کئے جائیں،آئین پر عمل درآمدہونا خود آئین کا تقاضا ہے، اس سے انحراف کی سزا بھی خود آئین نے تجویز کی ہے،سیاست کے بجائے سازش کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا آئین کا تقاضا ہے، سابق غیرجمہوری آئین شکن وزیراعظم عدلیہ ، الیکشن کمیشن اورقومی اداروں کو محض اسلئے نشانہ بنارہا ہے کہ وہ آئین پر چل رہے ہیں
،ایسی گھنائونی سوچ اور اعلانات کرنے والے آئین کو نہیں مانتے تو آئین کے تحت وہ کسی رورعایت کے بھی مستحق نہیں۔پیر کووزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں نومنتخب حکومت کی 11 اپریل 2022 سے اب تک کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس کے ایجنڈے اور اقدامات کی تائید وتوثیق کی۔ اجلاس نے تباہ حال معیشت کی بہتری اور عوامی ریلیف کے لئے خادم پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کی اور قرار دیا کہ گزشتہ چار سال کے دوران شدید ترین مہنگائی سے ستائے عوام کو ریلیف کی فراہمی خاص طورپر رمضان المبارک میں آٹا، چینی، گھی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی عوام دوست جمہوری حکومت کے عوام دوست جمہوری اقدامات ہیں جن پر خادم پاکستان اور ان کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔
