وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مسترد شدہ ووٹوں کا مارجن جیت کے مارجن سے زیادہ ہونے پر ایک بار پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور کہا ہے کہ انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں ایک بار پھر مستردشدہ ووٹوں کا مسئلہ سامنے آیا ہے۔ بڑی تعداد میں مستردشدہ ووٹوں کے مسئلے کی وجوہات ڈبل اسٹیمپنگ وغیرہ ہیں۔2013 کے انتخابات پر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں بھی یہی بات سامنے آئی تھی۔ وزیراعظم نے کہا مخالف ووٹوں کو مسترد کرکے انتخابات کے نتائج میں ہیرا پھیری کی جاتی ہے، یہی وہ وجوہات ہیں کہ اسٹیٹس کو ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشین)کی مخالفت کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان نے کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے ایک تصویر شیئر کی۔ تصویر میں واضح طور پر تحریر ہے کہ پشاور میں میئر کی نشست کے لیے ہونے والے پولنگ میں مسترد شدہ ووٹوں کا مارجن جیتے گئے ووٹوں کے مارجن سے زیادہ رہا۔ٹوئٹر پر عمران خان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کے مطابق میئر پشاور کے الیکشن میں جے یو آئی کو 63610 ووٹ ملے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار نے 51523 ووٹ حاصل کیے۔ میئر پشاور کے انتخابات کے لیے جیت کا مارجن 12087 رہا جبکہ مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 23113 رہی۔
انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری کیلئے ای وی ایم کی مخالفت کی جاتی ہے، وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔