اسلام آباد(سب نیوز) پرتگال کے سفیر پالو ڈومنگوس نے پاکستانی کاروباری اداروں کو پرتگال میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی روابط، مشترکہ منصوبوں اور باہمی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنا چاہیے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں پاکستان-پرتگال بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور پرتگالی کمپنیاں پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ بامقصد شراکت داری کی خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپ، افریقہ اور بحر اوقیانوس کے سنگم پر واقع پرتگال پاکستانی کاروباروں کو یورپی منڈیوں تک رسائی، جدید انفراسٹرکچر اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرتا ہے۔
پرتگالی وفد میں ایرو اسپیس، دفاعی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جدید صنعت، تعمیرات، قابلِ تجدید توانائی، سیاحت، صحت اور دیگر شعبوں کی نمائندگی شامل ہے۔ انہوں نے مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پرتگال صرف مصنوعات فروخت کرنے نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے کا خواہاں ہے۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے پاکستان-پرتگال وژن 2030 کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور صنعتی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پرتگال کے وزیر خارجہ پالو رینجل کے حالیہ دور پاکستان کو دوطرفہ تعلقات میں نئی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفارتی روابط کو ٹھوس کاروباری شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2024 میں دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت تقریبا 225 ملین ڈالر رہی، جس میں پاکستان کی برآمدات کا حجم تقریبا 201 ملین ڈالر تھا۔ انہوں نے جی ایس پی پلس کے معاملے پر پرتگال کی حمایت کو سراہتے ہوئے ٹیکسٹائل، چمڑے، کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات، زراعت، آئی ٹی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات اجاگر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 کروڑ آبادی اور نوجوان افرادی قوت کے باعث پاکستان پرتگالی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منڈی ہے۔
محمد ذکریا اکبر ضیا نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان کے تعمیرات اور ہاسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے پری فیبریکیٹڈ ہاسنگ، ماحول دوست تعمیرات اور پائیدار تعمیراتی مواد میں تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سالانہ تقریبا سات لاکھ گھروں کی طلب کے مقابلے میں صرف ڈھائی لاکھ گھروں کی فراہمی اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے 2030 کے فیفا ورلڈ کپ سے متعلق سپلائی چین اور کاروباری مواقع سے بھی فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔پرتگال کی تجارتی و سرمایہ کاری ایجنسی اے آئی سی ای پی کے نائب صدر برونو پائیش موریرا نے پرتگال کو سرمایہ کاری کے لیے ایک مستحکم اور جدید کاروباری مرکز قرار دیتے ہوئے اس کے مضبوط اداروں، ہنرمند افرادی قوت، جدید انفراسٹرکچر اور تقریبا پانچ ہزار اسٹارٹ اپس پر مشتمل اختراعی نظام کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، فن ٹیک، سائبر سکیورٹی، سافٹ ویئر، ڈیجیٹل صحت اور قابلِ تجدید توانائی میں پرتگال کی مہارت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کی تین چوتھائی سے زائد بجلی قابلِ تجدید ذرائع سے پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے ٹیکسٹائل، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، قابلِ تجدید توانائی، آبی انتظام، زراعت، ادویہ سازی، صحت، انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، ایرو اسپیس اور دفاعی ٹیکنالوجی کو پاکستان اور پرتگال کے درمیان تعاون کے اہم شعبے قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی صنعتی صلاحیتیں ایک دوسرے کے لیے معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو پرتگال میں مواقع تلاش کرنے اور پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں کاروبار بڑھانے کے لیے اے آئی سی ای پی کی معاونت کا یقین دلایا۔فورم کے اختتام پر دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں کے درمیان بی ٹو بی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایس مائل الائنرز کے گوہر رحمان اور فارورڈ اسپورٹس کے حسن خواجہ نے اپنے کاروباری تجربات بھی شیئر کیے، جبکہ سیشن کی نظامت گلوبل ٹریڈ اینڈ ایکسپو سینٹر کے لیاقت علی نے کی۔تقریب میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، چیئرمین فانڈرز گروپ شیخ طارق صادق، سابق صدر اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبران اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
