اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کا فعال سفارتی کردار جاری ہے، پاکستان خطے میں امن اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کا حل چاہتا ہے، امریکا ایران مذاکرات کی کامیابی عالمی معیشت کے مفاد میں ہے، ایران جنگ کے معاشی اثرات پوری دنیا کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پاکستان کیلئے بڑا سکیورٹی چیلنج ہے ،پاکستان عالمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی کے بجائے تعاون کا حامی ہے، پاکستان امریکا اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہیگا۔
ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان عالمی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ابتدائی جنگ بندی ممکن بنانے اور دونوں متحارب فریقوں کے درمیان بات چیت جاری رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت بھی مذاکراتی عمل میں فعال ہے، تاہم اس تنازع کے صرف سکیورٹی اور انسانی بحران سے متعلق اثرات ہی نہیں ہیں بلکہ اس کے معاشی اثرات پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حامی ہے اور انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تنازع جلد حل ہو۔بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ اگر مذاکراتی عمل ناکام ہو جاتا ہے تو تنازع مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور اس کا دائرہ موجودہ صورتِ حال سے آگے پھیلنے کا خدشہ ہے۔ان کے مطابق یہی وجہ ہے کہ تمام فریق مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تنازع کا قابلِ قبول حل جلد سامنے آنا نہ صرف ایران اور امریکا بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔
افغانستان کی صورتِ حال پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں جدید اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگا۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پاکستان کے لیے بڑا سکیورٹی چیلنج ہے۔پاکستان کے عالمی تعلقات پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان امریکا اور چین کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی طاقتوں کے درمیان محاذ آرائی کے بجائے تعاون کا حامی ہے۔علاقائی دفاعی اور اقتصادی تعاون کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون خطے کے استحکام کے لیے اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے ساتھ اقتصادی شعبے میں بھی باہمی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
