ہومپاکستانوفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کی الجزائر کے قومی دن کی 72ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کی الجزائر کے قومی دن کی 72ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت

اسلام آباد (سب نیوز): الجزائر کے سفارتخانے کے زیر اہتمام اسلام آباد کے سرینا ہوٹل میں الجزائر کے قومی دن کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارتکاروں، سیاسی شخصیات، کاروباری برادری کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان اور الجزائر کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور سفارتی تعاون کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تجارت، صنعتی شراکت داری اور ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے الجزائر کی قیادت اور عوام کو قومی دن کی 72ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان الجزائر کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے الجزائر میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں الجزائر کے سفیر ڈاکٹر ابراہیم رومانی نے پاکستان اور الجزائر کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے الجزائر کی آزادی کی جدوجہد میں پاکستان کی تاریخی حمایت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1958 میں الجزائر کی عبوری حکومت کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا۔

سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی امن، کثیرالجہتی تعاون اور فلسطین و مغربی صحارا سمیت جائز عالمی مسائل پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔

انہوں نے الجزائر کی اقتصادی صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران ملک میں 17 ہزار سے زائد سرمایہ کاری منصوبے رجسٹرڈ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ٹرانس صحارا ہائی وے، ٹرانس صحارا گیس پائپ لائن، ساؤتھ ٹو ہائیڈروجن کوریڈور اور دو ہزار کلومیٹر طویل ریلوے منصوبے سمیت اہم علاقائی رابطہ کاری اور توانائی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

ڈاکٹر ابراہیم رومانی نے پاکستانی کاروباری برادری کو الجزائر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، صنعتی پیداوار اور طبی آلات کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ الجزائر کا سفارتخانہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے اور تجارتی نمائشوں میں شرکت کو آسان بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

الجزائر کے سفیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور الجزائر اپنی اقتصادی صلاحیتوں اور مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔ تقریب کا اختتام پاکستان اور الجزائر کی دوستی کے عزم کے اظہار کے ساتھ ہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔