اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی شراکت داری کو تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، ثقافت اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں قریبی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان کے نام اپنے خط میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رشتے مشترکہ تاریخ، ایمان، اقدار اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دیرینہ روابط پر استوار ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ترکیہ نے گزشتہ ایک صدی کے دوران نمایاں ترقی کی ہے، اپنے اداروں کو مضبوط بنایا، اقتصادی ترقی کو آگے بڑھایا اور علاقائی و عالمی امور میں اپنا مقام اور کردار مزید مستحکم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات میں ترک قیادت اور عوام کی جانب سے فراہم کی جانے والی یکجہتی اور فراخ دلانہ حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ صدر زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی شراکت داری سیاسی روابط میں اضافے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کے ذریعے مزید فروغ پاتی رہے گی۔
مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ معاہدہ دوطرفہ اور سہ فریقی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو گہرا کرنے اور خطے سمیت دنیا بھر میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
