ہومپاکستانسکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، فتنہ الہندوستان کے 8دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، فتنہ الہندوستان کے 8دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (سب نیوز)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 8دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا،پنجپائی میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک بند کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے،نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے،خضدار میں سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے تین آپریشنز میں فتن الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 17 اکتوبر کو کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشت گردوں نے مقامی ٹریفک کی آمدورفت متاثر کرنے کے لیے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔نوشکی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگا کر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔خضدار میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ کارروائی کے دوران 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیرداخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔