ہومتازہ ترینپاکستان فلور ملز ایسو سی ایشن پنجاب کے انتخاباب،اتحاد گروپ کا جعلی سازی اور پری پول دھاندلی کا الزام

پاکستان فلور ملز ایسو سی ایشن پنجاب کے انتخاباب،اتحاد گروپ کا جعلی سازی اور پری پول دھاندلی کا الزام

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے وائس چیئرمین اور سینئر ممبر ایسوسی ایشن شیخ اعجاز، گروپ لیڈر چوہدری مسعود، چوہدری افتخار سندھو اور دیگر سینئر اراکین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات میں برسر اقتدار گروپ آواز کی جانب سے اراکین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آواز گروپ جو گزشتہ 16 سال سے ایسوسی ایشن پر قابض ہے، وہ شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور اب بوگس ووٹوں کے ذریعے الیکشن جیتنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔رہنماوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے تمام رجسٹرڈ ممبران کا بنیادی حق ہے کہ انہیں ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے اور اس کے لیے 24 اکتوبر کو ہونے والے الیکشن میں تین پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں۔شیخ اعجاز نے بتایا کہ ہم نے اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن(ڈی جی ٹی او )میں باقاعدہ درخواست دی تھی، جس پر ڈی جی ٹی او نے ہمارے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے تین پولنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا حکم دیا تھا – ایک لاہور میں، دوسرا ملتان میں اور تیسرا راولپنڈی میں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ آواز گروپ نے فنڈز کی کمی کا جھوٹا بہانہ بنا کر، ملی بھگت کے ذریعے ڈی جی ٹی او سے اپنا فیصلہ واپس کروا لیا ہے اور اب الیکشن صرف لاہور میں کروائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف لاہور میں الیکشن کے انعقاد سے راولپنڈی، ملتان اور دیگر دور دراز علاقوں کے فلور ملز مالکان کو ووٹ ڈالنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہوگا، جس سے ٹرن آ ئوٹ نہایت کم ہوگا اور یہی وہ گروپ چاہتا ہے۔

اتحاد گروپ کے قائدین نے کہا ہے کہ اگر فنڈز کی وجہ سے پولنگ اسٹیشن قائم نہیں کیے جا رہے تو وہ اخراجات اٹھانے کیلئے تیارہیں۔ اتحاد گروپ کے قائدین نے ڈی جی ٹی او سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے کو بحال کرتے ہوئے تین پولنگ اسٹیشنز کے قیام کو یقینی بنائے۔ تمام جائز ممبران کو ووٹر لسٹ میں شامل کر کے ان کے ووٹ کے حق کو تحفظ دیا جائے۔سال سے قابض گروپ کی جانب سے بوگس ووٹنگ اور دھاندلی کی کوششوں کا نوٹس لیا جائے۔ شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کے انعقاد کے لیے مبصرین مقرر کیے جائیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ فلور ملز انڈسٹری پہلے ہی شدید بحران کا شکار ہے، ایسے میں اگر ایسوسی ایشن کے الیکشن بھی متنازعہ ہو گئے تو انڈسٹری کے مسائل کون حل کرے گا۔ ہم تمام فلور ملز مالکان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔