اسلام آباد: (سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے زون فور میں بغیر منظوری قائم کی گئی غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد اسکیموں کے سائٹ و مینجمنٹ دفاتر سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
سی ڈی اے پلاننگ ونگ، ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل پلاننگ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق باغ شاہ ہاؤسنگ اسکیم، اسلام آباد گرین پیراڈائز، گرین ہومز ویلی، نیلور ہومز، العالم گارڈن فیز-I، راول انکلیو، اٹلیقیا ریزیڈینشیا، بلیو انکلیو اور اسلام آباد ولاز/ولیج کے سائٹ و مینجمنٹ دفاتر کو سیل کرنے کی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق زون 2، 4 اور 5 میں نجی ہاؤسنگ، فارم ہاؤسنگ، اپارٹمنٹ و کمرشل اسکیموں سے متعلق 2023 کے ضوابط کے تحت سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر اسلام آباد میں کسی نجی ہاؤسنگ اسکیم کی منصوبہ بندی، لانچنگ یا ڈویلپمنٹ نہیں کی جا سکتی۔
جاری دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اسکیموں میں لے آؤٹ پلان (ایل او پی کی منظوری اور سی ڈی اے سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کیے بغیر ترقیاتی کام شروع کیے گئے، تعمیرات کی گئیں اور زمین استعمال کی گئی، جو متعلقہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔سی ڈی اے کے مطابق متعلقہ غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے اسپانسرز کو پہلے ہی مختلف اوقات میں نوٹسز اور شوکاز نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں غیر قانونی ترقیاتی کام، مارکیٹنگ، خرید و فروخت، پلاٹوں کی الاٹمنٹ و منتقلی روکنے اور غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔ سی ڈی اے نے ان اسکیموں سے متعلق عوامی نوٹسز قومی اخبارات میں شائع کرنے کے ساتھ اپنی ویب سائٹ پر بھی جاری کیے۔دستاویزات کے مطابق متعلقہ اسکیموں کے اسپانسرز نے تاحال سی ڈی اے سے مطلوبہ منظوری حاصل نہیں کی۔ سی ڈی اے کے قواعد کے تحت غیر مجاز تعمیرات، ڈویلپمنٹ اور تشہیری سرگرمیوں سے متعلق دفاتر کو ڈائریکٹر انفورسمنٹ، سی ڈی اے یا مجاز افسر کی جانب سے مجسٹریٹ سی ڈی اے کی موجودگی میں سیل کیا جا سکتا ہے۔سی ڈی اے نے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کو مذکورہ غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے سائٹ و مینجمنٹ دفاتر سیل کرنے کی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔
