اسلام آباد (سب نیوز) او آئی سی-کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 57ویں یومِ تاسیس کے موقع پر تنظیم کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد، رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام، او آئی سی کے اداروں اور پوری مسلم دنیا کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ او آئی سی دنیا کی دوسری بڑی بین الحکومتی تنظیم اور مسلم دنیا کی اجتماعی آواز ہے۔ انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطین، جموں و کشمیر، جنگ سے متاثرہ آبادیوں اور افریقہ میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی، خوراک، صاف پانی، صحت کی سہولیات، تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت کو مشترکہ ترجیحات میں شامل رکھنا ضروری ہے۔
کوآرڈینیٹر جنرل نے کہا کہ او آئی سی-کامسٹیک کی اولین ترجیح مسلم دنیا کے نوجوانوں کے لیے ترقی اور تحقیق کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ ادارہ او آئی سی نظام کے تحت بڑے فیلوشپ پروگراموں میں سے ایک چلا رہا ہے، جبکہ نوجوان محققین، خواتین سائنس دانوں، کم ترقی یافتہ ممالک اور افریقی رکن ممالک کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کامسٹیک کے پروگراموں میں ہیلتھ افریقہ پروگرام، فلسطینی طلبہ کے لیے وسیع اسکالرشپس اور تحقیقی فیلوشپس، نوجوانوں کی فنی تربیت، تحقیقی گرانٹس، آنکھوں کے علاج کے کیمپ، امراضِ چشم کی تربیت، خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کو تعلیم دینے والے اساتذہ کی استعداد کار میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اقدامات شامل ہیں۔
ان کے مطابق کامسٹیک ایکسپرٹ سروس پروگرام، جنگ اور تنازعات سے متاثرہ بے گھر محققین کے لیے سائنس اِن ایگزائل پروگرام اور رکن و مبصر ممالک کی ضروریات کے مطابق خصوصی ملکی پروگرام بھی جاری ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اس تاریخی دن کے موقع پر حکومتوں، جامعات، تحقیقی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کو کامسٹیک کے ساتھ تعاون کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے مسلم دنیا کے نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ایک مضبوط، خود انحصار اور علم پر مبنی او آئی سی برادری کی تعمیر ممکن ہے۔
