کراچی (سب نیوز)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب ڈالر سے زائد کا نمایاں اضافہ ہوگیا، جس کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 21 ارب 38 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ پاکستان یورو بانڈ کی وصولیوں کے باعث ہوا، مرکزی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 40 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر کو شامل کرنے کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 26 ارب 79 کروڑ 12 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے نوٹ کی بندش سے متعلق زیر گردش خبروں کی وضاحت بھی جاری کردی ہے۔اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 10 روپے کے نوٹ کی بندش سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، اس حوالے سے عوام کسی افواہ پر کان نہ دھریں۔اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک کی نئے ڈیزائن کے نوٹوں سے متعلق تجویز وفاقی کابینہ میں زیر غور ہے، تاہم فی الحال کسی بھی مالیت کے نوٹ کی تبدیلی یا بندش کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
مرکزی بینک نے واضح کیا کہ نئے نوٹوں کے اجرا یا موجودہ نوٹوں کی بندش سے متعلق حتمی فیصلہ ہونے کی صورت میں اس حوالے سے باقاعدہ اطلاع دی جائے گی۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 10 روپے کے نوٹ کی ممکنہ بندش سے متعلق خبریں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر گردش کررہی تھیں۔
اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں 3ارب ڈالر سے زائد کا بڑا اضافہ، مجموعی ذخائر 26ارب 79 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
