ہومپاکستاناسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا یوگنڈا اور بنگلہ دیش کے ساتھ پارلیمانی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا یوگنڈا اور بنگلہ دیش کے ساتھ پارلیمانی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور

کیپ ٹائون(سب نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاون میں جاری 69ویں دولتِ مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر پارلیمنٹ آف یوگنڈا کے اسپیکر مسٹر جیکب مارکسنز اوبوتھ اور بنگلہ دیش کی ہاوس آف دی نیشن کے ڈپٹی اسپیکر بیرسٹر قیصر کمال سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ اور پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنی دوستی اور پاک۔افریقہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یوگنڈا کو افریقہ کا ایک اہم ملک قرار دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسپیکر پارلیمنٹ آف یوگنڈا کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی میں 18 رکنی پاک۔یوگنڈا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس پارلیمانوں کے درمیان روابط کو مستحکم کرنے کا موثر ذریعہ ہیں۔ملاقات کے دوران اعلی تعلیم، زراعت، غذائی تحفظ، دفاع، موسمیاتی تبدیلی اور پارلیمانی جدت سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے امور مستقبل میں تعاون کے لیے مشترکہ ایجنڈے کا حصہ بن سکتے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے یوگنڈین ہم منصب کو علاقائی سلامتی اور بھارت کے ساتھ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے مقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے اور جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔اسپیکر نے یوگنڈا کو دولتِ مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ کی آئندہ کانفرنس میں شرکت کی بھی دعوت دی، جس کی میزبانی آئندہ سال مارچ میں سی پی اے برانچ، خیبر پختونخوا اسمبلی، کرے گی۔
بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کی ہاوس آف دی نیشن کے ڈپٹی اسپیکر بیرسٹر قیصر کمال سے بھی ملاقات کی اور بنگلہ دیش کے اسپیکر کی اہلیہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے بیگم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے اپنے یادگار دورہ ڈھاکا کا ذکر کیا اور بنگلہ دیش کے وزیراعظم سے اپنی ملاقات کا بھی حوالہ دیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دولتِ مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن شپ کے لیے ڈاکٹر شرمین چودھری کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اور ان کی پارلیمانوں کے درمیان باہمی تجربات سے استفادہ اور تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔اسپیکر نے ڈپٹی اسپیکر کو بھارت کے ساتھ تنازع کے حوالے سے پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا اور ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مکہ معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا ایران اور امریکا کے درمیان تاریخی سفارت کاری میں پاکستان کے کردار اور دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں بعد ہونے والے پہلے براہِ راست رابطے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کو سراہ رہی ہے۔بنگلہ دیش کے ڈپٹی اسپیکر قیصر کمال نے رکن پارلیمنٹ اور متحدہ پاکستان کے سابق اسپیکر اے۔ کے۔ ایم۔ فضل القادر چودھری کے پوتے ہمام قادر چودھری کا تعارف بھی کرایا۔ مسٹر چودھری نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔جماعتِ اسلامی سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر محبوب العالم صالحی نے بھی دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈپٹی اسپیکر قیصر کمال نے بھائیوں کی طرح شانہ بشانہ کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور ڈھاکا اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کے ڈپٹی اسپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔