اسلام آباد(سب نیوز) ایتھوپیا کے سفارتخانے، اسلام آباد نے ایتھوپیائی نئے سال اینکوتاتاش اور حبیر کین یعنی یومِ اتحاد در تنوع کی تقریبات قومی جوش و جذبے سے منائیں۔ تقریبات کا انعقاد تنوع: ایتھوپیا کی زینت کے عنوان سے کیا گیا۔تقریب میں سفارتی برادری، ارکانِ پارلیمنٹ، حکومتی حکام، کاروباری شخصیات، میڈیا، سول سوسائٹی اور پاکستان میں مقیم ایتھوپیائی برادری کے افراد نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ وزیراعظم کے مشیر اور قومی رابطہ کار برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان اور ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ)سفیر حامد اصغر خان مہمانانِ اعزاز تھے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں وفاقی جمہوری جمہوریہ ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے شرکا کو ایتھوپیائی نئے سال کی مبارکباد دی۔اپنے خطاب میں سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے اینکوتاتاش کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیائی نئے سال کا آغاز ادی اباباکے پھول کے کھلنے سے منسوب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا افریقہ کا واحد ملک ہے جو کبھی نوآبادیاتی تسلط کا شکار نہیں ہوا اور اس کا اپنا منفرد گیز کیلنڈر اور رسم الخط ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے سال کا پیغام امید، استقامت اور روشن مستقبل کی علامت ہے، جو ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی لک افریقہ اور انگیج افریقہ پالیسیوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ اقتصادی اور ماحولیاتی کوششوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
سفیر نے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کو باضابطہ طور پر 2027 میں ادیس ابابا میں کوپ 32 کی میزبانی کے لیے ایتھوپیا کی حمایت کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے گلوبل ساتھ کے مفادات کے لیے موسمیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ)سفیر حامد اصغر خان کو ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان۔افریقہ اور ایتھوپیا۔پاکستان تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے ایتھوپیائی قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا کی اقتصادی اور گرین ٹرانسفارمیشن کو سراہا۔انہوں نے شکاگو میں اپنے قیام کے دوران ایتھوپیائی نئے سال کی تقریبات میں شرکت کو یاد کرتے ہوئے ایتھوپیائی عوام کو محبت کرنے والا اور ان کی ثقافت کو انتہائی متحرک اور رنگا رنگ قرار دیا۔وزیراعظم کے مشیر اور قومی رابطہ کار برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب نے ایتھوپیا کی ثقافتی شناخت، اتحاد اور تنوع کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان مضبوط ہوتے سفارتی، اقتصادی، ماحولیاتی اور عوامی روابط کی عکاسی بھی کی۔
