اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر فعال، منسوخ یا زیرِ استعمال نہ رہنے والی سموں سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس فیصلے کی توجیح بیان کرتے ہوئے پی ٹی اے نے کہا ہے کہ غیر فعال موبائل نمبرز سے منسلک بعض واٹس ایپ اکاؤنٹس فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ غیر فعال سموں سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی کارروائی کسی بھی وقت شروع کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ کرنے سے قبل پی ٹی اے نے کئی ہفتوں تک آگاہی مہم چلائی جس میں صارفین کو اپنے واٹس اکاؤنٹ سے منسلک سموں کو رجسٹر اور فعال کرانے کی تجویز دی گئی۔ اس کے علاوہ موبائل سے کال ملانے پر سنائی دی جانے کالنگ ٹون کی جگہ بھی کئی ہفتوں تک غیر رجسٹر اور غیر فعال سموں سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس بند ہو جانے کا پیغام چلتا رہا۔
بیان میں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو موجودہ اور فعال موبائل نمبرز کے ساتھ منسلک کریں۔
اتھارٹی نے کہا کہ جو صارفین اپنا موبائل نمبر تبدیل کرچکے ہیں، وہ واٹس ایپ میں موجود ’چینج نمبر‘ کا آپشن بروقت استعمال کریں تاکہ اکاؤنٹ پر ان کا کنٹرول برقرار رہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پی ٹی اے نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سموں کی موجودہ حیثیت کی تصدیق کریں اور غیر فعال نمبرز کی صورت میں بروقت ضروری اقدامات کریں۔
اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ غیر فعال نمبرز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف اقدام کا مقصد فراڈ کی روک تھام اور ڈیجیٹل سکیورٹی کو بہتر بنانا ہے۔
یاد رہے کہ اس فیصلے سے بیرون ملک مقیم وہ افراد بھی متاثر ہو سکتے ہیں جنہوں نے پاکستانی سم پر بنائے گئے واٹس ایپ کو متعلقہ ملک کی سم پر منتقل نہیں کیا۔
