ہوماسلام آبادپاک ، ایتھوپیا بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات،اسلام آباد میں ایتھوپیئن کافی کیفے کا افتتاح

پاک ، ایتھوپیا بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات،اسلام آباد میں ایتھوپیئن کافی کیفے کا افتتاح

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان اور ایتھوپیا کے بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں پہلی مرتبہ ایتھوپیئن کافی کیفے کا افتتاح کر دیا گیا۔ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے اتوار کے روز کیفے کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے قبل روایتی ایتھوپیئن کافی کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں ایتھوپیئن کمیونٹی، سفارتخانے کے عملے اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب کے بعد ایتھوپیئن سفیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیفے کا افتتاح پاکستان میں ایتھوپیئن کافی کے باقاعدہ تعارف کی علامت ہے اور جڑواں شہروں میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا مخصوص ایتھوپیئن کیفے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کو انسانیت کی جائے پیدائش اور عربیکا کافی کی سرزمین ہونے کے باعث بجا طور پر لینڈ آف اوریجنز کہا جاتا ہے۔سفیر نے کہا کہ کیفے کی ملکیت ایک ایتھوپیئن-پاکستانی جوڑے کے پاس ہونا بھی اس اقدام کو مزید اہم بناتا ہے، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت، دوستی اور برادری کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کیفے کا نام حبیشہ رکھا گیا ہے، جو ایتھوپیا کا تاریخی نام ہے۔ یہ نام پاکستانی عوام کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ حضرت بلال حبشی اور حبشہ کے بادشاہ نجاشی سے گہری عقیدت پائی جاتی ہے، جنہوں نے ہجرتِ حبشہ کے دوران ابتدائی مسلمانوں کو پناہ فراہم کی تھی۔ڈاکٹر اومر حسین اوبا نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے ثقافتی تبادلوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔کیفے کے مالک نعیم ہاشمی نے کہا کہ حبیشہ کے ذریعے پاکستان اور ایتھوپیا کو مزید قریب لانے کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کے فن، ثقافت، موسیقی اور سیاحت کو جان سکیں اور اس کا تبادلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کیفے صرف کافی پیش کرنے کی جگہ نہیں بلکہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ثقافتی اور عوامی روابط کے فروغ کا ذریعہ بھی بنے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔