مری (سب نیوز)مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر کے انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشستوں سمیت سیاسی و انتخابی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ اور انوشہ رحمان سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں خواتین کے بھرپور اور فعال کردار کو سراہتے ہوئے اسے جمہوری عمل کے استحکام کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
اجلاس میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں باہمی مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔شرکا نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ آزاد کشمیر کے سیاسی اور جمہوری عمل میں خواتین کی موثر شرکت ضروری ہے اور انہیں انتخابی و سیاسی سرگرمیوں میں مزید مواقع فراہم کیے جانے چاہییں۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر میں سیاسی سرگرمیوں اور تنظیمی امور سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میاں نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز لاہور چلے گئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کی نامزدگی کا فیصلہ کرلیا گیا، جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے سحرش قمر، نثارہ عباسی، مریم ادریس، مسز راجہ عابد، مریم کشمیری، ناصرہ سدوزئی اور ماریہ ترانہ کے انٹرویوز مکمل کرلیے گئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ ن نے اوورسیز کی مخصوص نشست پر بھی فیصلہ کرلیا۔ اوورسیز نشست کے لیے مسلم لیگ ن برطانیہ چیپٹر کے صدر عبدالرحمان آرائیں مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آگئے، جبکہ سعودی عرب سے حاجی احسان دانش، امریکہ سے مرزا تنویر جرال اور جاوید اقبال کے نام بھی زیر غور ہیں۔ذرائع کے مطابق علما و مشائخ کی مخصوص نشست کے لیے پیر مظہر کا نام زیر غور ہے، جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر بیرسٹر افتخار، شاداب سکندر اور محسن عزیز کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔ نامزدگیوں کا اعلان پیر کو میاں نواز شریف خود کریں گے۔
