کراچی (آئی پی ایس )گڈز ٹرانسپورٹ اور سندھ حکومت کے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں جس کے بعد کل سے ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ برقرار ہے۔تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹ نے پٹرول کی قیمتوں میں یومیہ ردو بدل کے خلاف کل (8اگست)سے ملک گیر ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال رکوانے کے لیے گڈز ٹرانسپورٹ سے مذاکرات کیے تاہم مذاکرات میں کوئی قابل حل عمل نہ نکلنے کے باعث یہ مذاکرات ناکام ہو گئے اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے 8 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
اس حوالے سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ مذاکرات میں حکومتی نمائندوں کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا، لیکن سندھ حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ ہمارے مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکے، اس لیے کل سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال پر جا رہے ہیں۔ حکومت کو ہمارے تمام مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔دریں اثنا سندھ حکومت سے مذاکرات میں ناکامی کے بعد وفاقی حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو مذاکرات کے لیے بلا لیا ہے۔وفاقی حکومت نے ملک شہزاد اعوان نے رابطہ کر کے انہیں مذاکرات کی دعوت دی۔ صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے تصدیق کی ہے کہ آج شام چار بچے وفاقی وزیر عبدالعلیم سے ان کے مذاکرات ہوں گے۔
