اسلام آباد (سب نیوز): سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (سی اے ایس ایس) اسلام آباد میں سری لنکا کے ڈیفنس سروسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے وفد نے دورہ کیا، جس میں جدید اور مستقبل کی جنگوں، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور پاکستان و سری لنکا کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سی اے ایس ایس کے ڈائریکٹر ایئر وائس مارشل ناصر الحق وائن (ر) نے مئی 2025 کے پاکستان۔بھارت تنازع کے دوران پاکستان فضائیہ کی حکمت عملی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملٹی ڈومین آپریشنز کے مؤثر انضمام کے ذریعے فضائی برتری حاصل کی گئی، جس نے جدید جنگ میں ٹیکنالوجی اور مربوط آپریشنز کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر ریسرچ اسسٹنٹ شہیر احمد نے ادارے کے تحقیقی منصوبوں، حاصل شدہ نتائج اور مستقبل میں ایرو اسپیس شعبے کی ترقی سے متعلق پریزنٹیشن بھی پیش کی۔
صدر سی اے ایس ایس ایئر مارشل جاوید احمد (ر) نے اپنے خطاب میں قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مقامی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) اس حوالے سے پاکستان کا ایک اہم ادارہ ہے، جو تحقیق، جدت اور اسٹریٹجک ٹیکنالوجیز میں خود انحصاری کو فروغ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کو مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے فوجی تربیت، تحقیق و ترقی اور علمی تبادلوں میں تعاون مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سری لنکا کی بلند شرح خواندگی اور دہشت گردی کے خلاف اس کے عوام کی کامیابیوں کو بھی سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط اور باہمی تعاون مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔
