ہومبریکنگ نیوزعمان: پاکستان اور الجزائر کا دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور فلسطین پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

عمان: پاکستان اور الجزائر کا دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور فلسطین پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

عمان(سب نیوز) : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اردن کے دارالحکومت عمان میں الجزائر کے وزیر مملکت، وزیر خارجہ، بیرونِ ملک قومی برادری اور افریقی امور احمد عطاف سے ملاقات کی۔

ملاقات “یروشلم اور اس کے مقدس مقامات کی حمایت” کے عنوان سے عرب وزارتی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں مقبوضہ یروشلم میں اسرائیل کی غیر قانونی پالیسیوں اور اقدامات کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور الجزائر کے درمیان برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعاون کے موجودہ فریم ورک کو جلد فعال بنا کر تجارت، معیشت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے بالخصوص مسئلہ فلسطین، غزہ کی موجودہ انسانی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ کی تازہ پیش رفت پر گفتگو کی اور اس حوالے سے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں وزراء نے خطے میں امن، استحکام اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔