اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تناکا آکی ہیکو اور ان کے وفد کے ساتھ انتہائی مفید اور خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی تعاون کو نئے دور میں داخل کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
احسن اقبال نے کہا کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے، اور یہ امر انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ حکومتِ پاکستان کا پیش کردہ “اُڑان پاکستان” کا فائیو ایز (5Es) فریم ورک اب بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے لیے ایک بنیادی لائحہ عمل کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جائیکا نے بھی اپنے تعاون کو اس فریم ورک کے اہداف کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جائیکا کے اشتراک سے بنیادی ڈھانچے، انسانی وسائل کی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، سیاحت اور پائیدار اقتصادی نمو کے منصوبوں کو براہِ راست فائیو ایز یعنی برآمدات، ای پاکستان، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، توانائی و بنیادی ڈھانچہ، اور مساوات و بااختیاری کے تحت آگے بڑھایا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان صدیوں پر محیط تہذیبی اور ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے “پاکستان-جاپان گندھارا سیاحتی راہداری” کے قیام پر بھی بات چیت ہوئی، جو مذہبی سیاحت کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ صنعتی مسابقت بڑھانے اور برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے “پروڈکٹیویٹی، کوالٹی اینڈ انوویشن (PQI)” اقدام میں شمولیت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ جاپان پروڈکٹیویٹی سینٹر کے اشتراک سے اس کے مؤثر نفاذ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران جائیکا کے صدر کو پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی پروگرامز اور محصولات میں ہونے والے دوگنا اضافے سے بھی آگاہ کیا گیا، جس پر انہوں نے حکومت کی معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً ساٹھ فیصد نوجوان آبادی ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے، اس لیے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی مہارت اور باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے جائیکا کے تعاون سے نئے مشترکہ منصوبے تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور جائیکا کے درمیان یہ مضبوط شراکت داری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان معاشی مشکلات پر قابو پا کر پائیدار اور جامع ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اور انہیں یقین ہے کہ یہ تعاون پاکستانی عوام کے لیے خوشحالی، ترقی اور روشن مستقبل کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔
