اسلام آباد (سب نیوز)بانی پی ٹی آئی کے اڈیالہ جیل میں تین سال مکمل ہو گئے جس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلام آبادہائیکورٹ میں رپورٹ پیش کردی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی ٹی آئی کوقید تنہائی میں رکھنے اورامتیازی یاغیرمساوی سلوک کی تردیدکردی ہے۔
جسٹس خادم حسین سومروکل قید تنہائی سے متعلق درخواست پرسماعت کریں گے، رپورٹ میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہناتھا کہ جیلوں میں قیدتنہائی کا نظام تقریبا ختم ہو چکا اب یہ رائج نہیں، اڈیالہ جیل میں کسی بھی قیدی بشمول بانی پی ٹی آئی کوقید تنہائی میں نہیں رکھا گیا۔رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو سزا ہو چکی وہ قانون کے مطابق قید کاٹ رہے ہیں، ان کے ساتھ دوسرے قیدیوں کی طرح ہی قانونی سلوک کیاجارہا ہے، بانی کے ساتھ کوئی امتیازی یاغیرمساوی برتا نہیں کیا جا رہا ، بہترکلاس قیدی ہونے کی وجہ سے انہیں کچھ اضافی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
سابق وزیراعظم اور پارٹی قائد کی حیثیت سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات ہیں، عام قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی کے رہائشی حصے تک رسائی نہیں دی جاتی، بانی کوجو سہولیات حاصل ہیں ان سے بھی ظاہر ہوتا ہے یہ قیدی تنہائی نہیں، بانی پی ٹی 7سیل پر مشتمل کمپاونڈ میں دن بھر آزادانہ چل پھر سکتے ہیں۔صرف رات کے مخصوص اوقات میں بانی پی ٹی آئی سیل میں رہتے ہیں، جیل افسران اورعملہ بانی کی ضروریات کے متعلق رابطے میں رہتا ہے،آگاہ بھی کرتا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل معمول کے مطابق بانی سے ملاقات کرتا ہے،خصوصی ملاقات بھی کرتا ہے۔
جیل کے ڈاکٹر روزانہ تین مرتبہ ان کا معائنہ کرتے ہیں،کھانے کی جانچ کرتے ہیں، بلڈ پریشر،دل کی دھڑکن اورآکسیجن سیچوریشن سمیت دیگر علامات چیک کر کے بتایا بھی جاتا ہے، ضرورت پڑنے پر بانی کا اضافی طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔بانی کیلئے ایک کل وقتی سزا یافتہ قیدی مقرر ہے جو روزانہ تین وقت کا من پسند کھانا تیار کرتا ہے، بانی کو قدرتی روشنی،تازہ ہوا اور طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک ورزش کی سہولت حاصل ہے، جیل مینوئل کے مطابق بانی کی رازداری بھی یقینی بنائی گئی ہے ۔
بانی شام لاک اپ ہونے تک آزادانہ نقل وحرکت اور اپنی پسند کے مطابق سرگرمی کر سکتے ہیں، ان کی قید کی جگہ محفوظ اور مکمل نگرانی میں ہے جہاں عملہ مناسب تعدادمیں موجودہے، جیل حکام بانی کے قید کی جگہ کے حفاظتی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہتے ہیں۔جیل قواعد کے مطابق بانی کو ہر منگل اپنی اہلیہ بشری بی بی سے ملاقات کی اجازت ہے، ان کو باقاعدگی سے اپنی پسند کے اخبارات اور کتابیں فراہم کی جاتی ہیں ، فرینڈ آف کورٹ کے طور پر سلمان صفدرنے 10فروری کو بانی کے سیل کا معائنہ بھی کیا تھا ۔سلمان صفدر نے بانی کی رہائشی اور حالات کا جائزہ لیا،رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی، بانی کی حراست اور رہائشی حالات مناسب اور اطمینان بخش ہیں، بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی کا معمولی سا بھی عنصر موجود نہیں۔درخواست گزارعلیمہ خانم کے الزامات محض قیاس آرائی اور بے بنیاد ہیں، استدعا ہے درخواست کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا جائے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی، بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھنے کی تردید
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
