ہومتازہ تریناسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی دوسرے روز بھی کامیابی سے جاری،دو روز میں 16.44ارب کے پلاٹس فروخت

اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی دوسرے روز بھی کامیابی سے جاری،دو روز میں 16.44ارب کے پلاٹس فروخت

اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے زیر اہتمام دارالحکومت اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کا سہہ روزہ نیلام عام دوسرے روز بھی کامیابی سے جاری رہا۔ دارالحکومت اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے پہلے دو یوم میں مجموعی طور پر 16.44 ارب کے پلاٹس فروخت ہوئے۔تفصیلات کے مطابق، کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے دوسرے روز مری روڈ پر واقع ایگرو فارم نمبر 18 جو کہ 1212 ملین روپے میں نیلام ہوا۔ جبکہ مری روڈ پر ہی واقع ایگرو فارم نمبر 17 اے کو 966 ملین روپے میں نیلام کیا گیا۔

نیلامی کے دوسرے روز بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی تعمیر شدہ دکان نمبر 8 اے کو 151.66 ملین روپے میں نیلام کیا گیا۔ اسی طرح بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی شاپ نمبر 10 اے 147.71 ملین روپے میں نیلام ہوئی۔ جبکہ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں تعمیر شدہ دکان نمبر 12 اے 153.63 ملین روپے میں نیلام ہوئی۔مجموعی طور پر نیلام عام کے دوسرے دن 2630.998 ملین روپے کے پلاٹس فروخت ہوئے۔ جبکہ پہلے دن مجموعی طور 13806.87 ملین روپے کی مالیت کے پلاٹس فروخت ہوئے تھے۔سہہ روزہ کمرشل پلاٹس کی نیلامی تیسرے دن 6 اگست تک جناح کنونشن سینٹر میں جاری رہیگی۔

واضح رہے دارالحکومت اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس خریدنے اور سرمایہ کاری کرنے کا سنہری موقع ہے۔اس موقع پر چیئرمین آکشن کمیٹی محمد عمیر نے کہا کہ نیلام عام سے حاصل ہونے والی آمدن کو شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری میگا پراجیکٹس کی تکمیل اور شہریوں کے دیرینہ مسائل اور خدمات کی فراہمی اور پانی کے مسائل کے حل کیلئے خرچ کی جائیگی۔موصول ہونے والی بولیوں کو مکمل جانچ پڑتال کے بعد سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کیا جائیگا جو بولیوں کو منظور یا مسترد کرنے کا مجاز فورم ہے۔چیئرمین آکشن کمیٹی محمد عمیر نے نیلام عام میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کیلئے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے شہری سہولیات میں بہتری، انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ اور شہر کی تعمیر و ترقی کو فروغ دینے کیلئے انتہائی پر عزم ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔