ہومبریکنگ نیوزچینی وزیر خارجہ سے ملاقات، علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہنے پر اسحاق ڈار کا اظہارِ تشکر

چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہنے پر اسحاق ڈار کا اظہارِ تشکر

اسلام آباد،(سب نیوز) : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغز جمہوریہ کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گرمجوشی اور مفید تبادلہ خیال کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہنے پر چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا شکریہ ادا کیا۔ وانگ یی نے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا تھا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہانِ مملکت کونسل کی آئندہ چیئرمین شپ سنبھالنے اور 2027 میں ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔