اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سابق رکنِ قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما فوزیہ حبیب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی سیاسی، جمہوری اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ فوزیہ حبیب نے پاکستان پیپلز پارٹی اور ملک کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مرحومہ نے ان کے پہلے دورِ صدارت (2008ء تا 2013ء) کے دوران ایوانِ صدر کے عملے کے رکن کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فوزیہ حبیب کی جمہوریت، عوامی خدمت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحومہ کے انتقال کو پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔
صدرِ مملکت نے اللّٰہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحومہ فوزیہ حبیب کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور اہلِ خانہ کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
