ہومپاکستانچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان بلغاریہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پاکستان بلغاریہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان میں بلغاریہ کی سفیر، آئرینا گیناڈیوا گانچیوا نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور بلغاریہ کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال، پارلیمانی تعاون، اقتصادی روابط کے فروغ اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید وسعت دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سفیر آئرینا گیناڈیوا گانچیوا کو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کے فروغ میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور باہمی اعتماد و مفاہمت کے فروغ میں سفیر کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بلغاریہ کو یورپ میں پاکستان کا ایک اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے بلغاریہ کو شینگن ایریا کی مکمل رکنیت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور یورو کو اپنانے کے بعد اس کی مسلسل اقتصادی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے بلغاریہ کی او ای سی ڈی کی رکنیت کی خواہشات کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حالیہ پارلیمانی انتخابات کے بعد نئی حکومت کے کامیاب قیام کا خیرمقدم بھی کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان چھ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سفارتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اعلی سطحی دوروں اور ادارہ جاتی روابط کے ذریعے سیاسی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا اور پاکستان۔بلغاریہ بین الحکومتی اقتصادی تعاون کمیشن کے تیسرے اجلاس کے جلد انعقاد کی امید ظاہر کی۔چیئرمین سینیٹ نے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے بلغاریہ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یورپی یونین کے جی ایس پی پلس فریم ورک کے آئندہ مرحلے میں بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس نے قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ارکانِ پارلیمان اور پارلیمانی قیادت کے مابین روابط اور تبادلوں میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو سکیں۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے سفیر کو انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے بھی آگاہ کیا، جو ان کی قیادت میں امن، سلامتی اور ترقی کے موضوعات پر بین الاقوامی مکالمے کے فروغ کے لیے شروع کی گئی ایک اہم کاوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ اور امریکہ و ایران کے درمیان بین الاقوامی سفارتی مکالمے کو آگے بڑھانے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک کے طور پر ابھرا ہے اور عالمی برادری نے اس کی امن کی کوششوں کو سراہا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے بطور وزیرِاعظم پاکستان اپنے دور کا حوالہ دیتے ہوئے سابق بھارتی وزیرِاعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کا ذکر کیا اور کہا کہ اس موقع پر انہیں “امن کا سفیر” قرار دیا گیا تھا۔بلغاریہ کی سفیر آئرینا گیناڈیوا گانچیوا نے پاکستان کی امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور نوجوانوں کی تعلیمی و پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے شروع کیے گئے تعلیمی آگاہی اور انٹرن شپ پروگرامز پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، اقلیتوں اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا پاکستان کی جمہوری اور سماجی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم محترمہ شہید بینظیر بھٹو کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق اور جمہوریت کے فروغ کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ملاقات کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور بلغاریہ کے تعلقات کے فروغ میں سفیر آئرینا گیناڈیوا گانچیوا کی گراں قدر خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بلغاریہ اور یورپی یونین کے ساتھ نوجوانوں کی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم، اقتصادی تعاون اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔